چرنی روڈ پر فوٹ اوور برج منہدم

۲؍ مسافر زخمی ، اعلیٰ افسران جائے حادثہ پر

 ممبئی ، ( رما شرما ) : چرنی روڈ پر فٹ اوور بریج گرنے سے ۲؍مسافر زخمی ہو گئےہیں جبکہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ الفنسٹن روڈ برج حادثہ کے چند دنوں بعد  ہی ، جس میں ۲۳؍ افراد کی موت ہو گئی تھی ،  ریلوے بریج کا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اطلاع کے مطابق  ایک شخص، جو اس بریج سے گزر رہا تھا حادثہ میں زخمی ہو گیا ۔ یہ بریج ۳۰ سے ۳۵؍ برس  پرانا ہے ۔ زخمی ہونے والے مسافر کو سیفی اسپتال داخل کیا گیا ۔ اس حادثہ کو اس لئے بھی اہمیت  دی جا رہی  ہے کہ چند دنوں قبل  ہونے والے حادثہ کے بعد بھی ریلوے انتظامیہ کو ہوش نہیں آیا ہے او ر اس نے مخدوش بریج کا سروے اور ان کی مرمت  یا انہیں تبدیل کرنے پر کو ئی توجہ نہیں دی ہے ۔ ریلوےاور بی ایم سی کارپوریشن کے افسران  نے جائے حدثہ کا جائزہ لیا۔ ممبئی کے میئر وشواناتھ مہاڈیشور بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں ۔ اس سلسلہ میں بی ایم سی کا دعویٰ ہے کہ یہ بریج نہیں گرا ہے بلکہ اس جگہ انہدامی کام چل رہا تھا اس لئے  بریج کے درمیان میں گڑھا ہو گیا تھا ۔ گزشتہ ۲؍ دنوں میں ریلوے بریج پررونما ہونے والا یہ دوسرا حادثہ ہے جبکہ جمعہ کو الفنسٹن روڈ اسٹیشن پر سیمنٹ کا ایک سلیب گرنے سے ایک عورت زخمی ہو گئی تھی ۔ ۲؍ ہفتوں قبل ہی ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے ریلویز کی ایک  اعلیٰ سطح میٹنگ طلب کر کے  ریلوے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں ۔ انہوں نے ریلوے انتظامیہ  پر برہمی کا اظہار کرتے ہو ئے  ہدایت دی تھی کہ ریلوے کو بہتر بنانے کیلئے سخت ترین انتظامات کئے جائیں جن میں لوکل اسٹیشنوں میں حفاظتی انتظامات ، ضرور ت حوائج کی سہولت اور مسافر کو فراہم کی جانے والی دیگر سہولتیں شامل ہیں ۔