معاشی ابتری کیلئے یو پی اے کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا: یشونت سنہا

مودی حکومت کو بھی کام کرنے کا پورا موقع ملا ہے ۔ سابق وزیرفائنانس کا انٹرویو

نئی دہلی:ملک کی معیشت کو تباہ کردینے کا بی جے پی زیر قیادت حکومت پر الزام عائد کرنے کے ایک دن بعد سابق وزیر فینانس و سینئر بی جے پی لیڈر یشونت سنہا نے آج کہا کہ موجودوہ حکومت ملک کی معاشی صورتحال کیلئے سابقہ یو پی اے حکومت کو ذمہ دار قرار نہیں دے سکتی کیونکہ موجودہ حکومت کو بھی کام کرنے کا کافی موقع ملا ہے ۔ انہوں نے ایک ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم اس سے پہلے کی سرکار کو دوش نہیں دے سکتے کیونکہ ہمیں بھی پورا موقع ملا ہے ‘‘ ۔ یشونت سنہا نے مزید کہا کہ جب وہ 2014 سے پہلے پارٹی کے ترجمان تھے اس وقت یو پی اے حکومت میں ملک کی معاشی صورتحال کو پالیسی مفلوج کا نام دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے قبل جب میں پارٹی ترجمان تھا اور اس وقت معاشی امور کے تعلق سے سوال ہوتا تو ہم یو پی کی صورتحال کو پالیسی مفلوج کا نام دیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کل انڈین ایکسپریس میں ایک اداریہ تحریر کرتے ہوئے مودی حکومت پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ معیشت میں گراوٹ کا رجحان جاری ہے۔