رعنا ایوب کی مقبول کتاب گجرات فائلس کے ہندی ایڈیشن کا اجراء

نئی دہلی:گجرات فسادات پر انگلش میں لکھی گئی مقبول کتاب ’گجرات فائلس’ کے ہندی ایڈیشن کا آج یہاں اجراء کیا گیا۔ ایک سال کے اندر اس کتاب کا اردو سمیت بارہ زبانوں میں ترجمہ شائع ہوچکا ہے۔ ممبئی کی صحافی رعنا ایوب کی گجرات فائلس کے ہندی ایڈیشن کا یہاں پریس کلب میں اجرا کیا گیا۔ گل مہر پرکاشن کے ذریعہ شائع اس کتاب کو ہندی کے مشہور ادیب اور سماینتر پتریکا کے ایڈیٹر پنکج بشٹ، این ڈی ٹی وی کے اینکر رویش کمار، سینئر صحافی اجے سنگھ اور معروف وکیل ورندا گروور نے اجراء کیا۔تقریب میں موجود کتاب کی مصنفہ رعنا ایوب نے اس موقع پر بتایا کہ کس طرح انہوں نے اسٹنگ آپریشن کرکے گجرات فسادات کی حقیقت لکھی لیکن اسے تہلکہ (جس کے لئے انہوں نے یہ اسٹنگ آپریشن کیا تھا) نے ہی نہیں بلکہ کسی بھی اخبار یا رسالہ نے شآئع کرنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم ایک سال کے اندر اس کے بارہ زبانوں میں ترجمے ہوچکے ہیں اور اس کتاب کے سلسلے میں وہ اب تک پانچ سو تقریبات میں شریک ہوچکی ہیں۔