جمعیت علماء کے وفد کا فرید آباد دورہ

گئو رکشکوں کے شکارمتاثرین سے ملاقات

فریدآباد : جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانامحمود مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء ہریانہ،پنجاب ہماچل پردیش کے صدر مولانا یحیی کریمی کی قیادت میں ایک وفد نے فرید آباد میں نام نہاد گئو رکشکوں کے ذریعہ ایک آٹو ڈرائیور اور اس کے اہل خانہ کو درندگی کے ساتھ زدوکوب کیے جانے کے خلاف کمشنر حنیف قریشی اور ڈی سی پی آستھا مودی گپتا سے ملاقات کی اور ظالمو ں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ۔ وفد نے اس سے قبل فریدآباد کے بادشاہ خاں ہسپتال جا کر زیر علاج زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کا غم بانٹنے کی کوشش کی اور وقتی طور سے جزوی مالی مدد بھی کی ۔ حالات کی جانکاری کے بعد جمعیۃ کے وفد نے کہا کہ گوشت لے جارہے ان لوگوں کی منت و سماجت کے باوجود وحشیوں نے بری طرح پیٹا ، سینے پر چڑھ کرجے شری رام کے نعرے لگائے ، ان کے منہ پر پیشا ب کیا اور تین کلو میٹر دوسرے گائوں لے جاکر سخت اذیتیں دیں۔ مولانا یحیی کریمی نے کہا کہ ہم نے کمشنر سے سوال کیا کہ اس کے باوجود ان کے خلاف دفعہ ۳۰۷ کے تحت اقدام قتل کا مقدمہ کیوں نہیں کیا گیا ؟